اسلام آباد () تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان نے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لیے بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، اسی سلسلے میں آج اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے جہاں انہوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’آمریت مردہ باد، جمہوریت زندہ باد‘، ’27ویں ترمیم مسترد‘ اور ’عدلیہ کی غلامی عوام کی غلامی ہے‘ جیسے نعرے درج تھے۔بتایا گیا ہے کہ احتجاج میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ اور ٹی ٹی اے پی کے وائس چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی شامل تھے۔
معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی نے پنجاب اسمبلی سے چیئرنگ کراس تک مارچ کیا اور 27ویں ترمیم کی منظوری کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا، علاوہ ازیں اپوزیشن اتحاد کی جانب سے خیبر پختونخواہ اسمبلی میں 27ویں ترمیم کے خلاف قرارداد پیش کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔صوبائی صدر تحریک انصاف جنید اکبر خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی حلقوں کی سطح پر بروز جمعہ مبارک 21 نومبر کو 26ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھر پور احتجاج اور یوم سیاہ منایا جائے گا، پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ کی تمام ارکین قومی و صوبائی اسمبلی، عہداران، تمام ونگز اور کارکنان اس احتجاج میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔