خیبر پختونخوا میں ڈی ایس پی سطح کے پولیس افسران کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی کا مطالبہ زور پکڑگیا (کرائم رپورٹر )
خیبر پختونخوا میں خصوصاً پولیس کے ڈی ایس پی لیول کے افسران کو درپیش سکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر ان کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فیلڈ میں تعینات بعض افسران کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم پولیس کے فرنٹ لائن افسران اس سہولت سے تاحال محروم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور گزشتہ برسوں کے دوران متعدد مواقع پر پولیس افسران، جن میں ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی شامل ہیں، حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں پولیس افسران کی ٹارگٹڈ کارروائیوں اور گھات لگا کر حملوں کے واقعات نے سکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پولیس حلقوں کا مؤقف ہے کہ ڈی ایس پی سطح کے افسران نہ صرف حساس علاقوں میں آپریشنز کی نگرانی کرتے ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف براہِ راست فرنٹ لائن پر موجود ہوتے ہیں، ایسے میں ان کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی عدم دستیابی ایک سنگین سکیورٹی خلا ہے۔
عوامی و پولیس حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ڈی ایس پی سمیت دیگر فیلڈ افسران کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی کا باضابطہ اعلان کریں، تاکہ پولیس افسران کا مورال بلند ہو اور وہ مزید مؤثر انداز میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ تحفظ کی بہتر سہولیات نہ صرف ان کی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہوں گی بلکہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کی کارکردگی کو بھی مزید مضبوط بنائیں گی۔
155